پیانگ یانگ یکم جنوری(ایس او نیوز ؍آئی این ایس انڈیا)کمیونسٹ شمالی کوریا کے لیڈر کم جونگ اُن نے عندیہ دیا ہے کہ نئے سال کے آغاز پر ایک نئے بین البراعظمی بیلسٹک میزائل کاتجربہ کیا جا سکتا ہے۔ انہوں نے نئے سال کے موقع پر قوم سے خطاب میں اس نئے بین البراعظمی میزائل کے تجربے کا کوئی نظام الاوقات واضح نہیں کیا۔ اپنے خطاب میں انہوں نے ملک کی عسکری قوت میں اضافے کا اشارہ بھی دیا۔ کم جونگ اُن کے مطابق شمالی کوریا کی سیاسی اور عسکری پوزیشن میں تبدیلی لاتے ہوئے اُسے سوشلزم کا قلعہ بنا دیا جائے گا۔ تجزیہ کاروں کے مطابق پیونگ یانگ یہ میزائل تجربہ اپنے رہنما اُن کی آٹھ جنوری کو منائی جانے والی سالگرہ کے قریب کر سکتا ہے۔ گزشتہ برس پیونگ یانگ حکومت نے ایک جوہری تجربہ چھ جنوری کو کیا تھا۔